پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو تحویل میں لے لیا
 راولپنڈی پولیس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور نورین خان کو تحویل میں لے لیا۔
علیمہ خان اور نورین خان کی گرفتاری کے وقت لی گئی تصویر
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) راولپنڈی پولیس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور نورین خان کو تحویل میں لے لیا۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو اڈیالہ جیل کے قریب واقع داہگل ناکہ سے حراست میں لیا گیا، پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے متعدد کارکنوں کو بھی گرفتار کر لیا۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ راولپنڈی پولیس علیمہ خان اور نورین خان کو تحویل میں لے کر چکری انٹرچینج کی جانب روانہ ہو گئی۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی علیمہ خان اور نورین خان نے اڈیالہ کے قریب سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا و دیگر وکلا کے ساتھ دھرنا دے رکھا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کے وارنٹ گرفتاری جاری

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ جب تک بھائی سے ملاقات نہیں ہو گی یہاں سے نہیں جائیں گے، عمران خان سے ملاقات کے لیے آئے تھے، ہمیں جیل سے 2 کلو میٹر دور روک لیا گیا آگے نہیں جانے دیا جارہا ۔

دوسری جانب لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے تحریک انصاف کی خواتین رہنماؤں عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کے وارنٹ گرفتار کردیے، عدالت نے دونوں خواتین ملزمان کو گرفتار کر کے جیل بھیجنے کا حکم جاری کردیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو 5،5 سال جبکہ یاسمین راشد، محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چودھری کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔