نو مئی مقدمات: صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کے وارنٹ گرفتاری جاری
انسداد دہشت گردی عدالت نے رہنما تحریک انصاف عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے رہنما تحریک انصاف عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے 93 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ عالیہ حمزہ اور صنم جاوید سوشل میڈیا پر انتشار انگیز پوسٹس کرتی رہیں ، دونوں ملزمان کے موبائل فونز سے چیزیں ریکور بھی ہوئی ہیں ، صنم جاوید سوشل میڈیا پر کافی اثر رکھتی ہیں ، عالیہ حمزہ بھی پی ٹی آئی کی سینئر لیڈر ہیں۔

فیصلے میں لکھا گیا کہ دونوں کی پوسٹں اور ویڈیو کلپس یو ایس بی سے پولیس اہلکاروں نے ریکور کیے ، دونوں خواتین ملزمان کو ضمنی بیانات کی روشنی میں نامزد کیا گیا ، ہم اس کو جعلی ریکوری نہیں کہہ سکتے۔

عدالتی فیصلے میں لکھا گیا کہ دونوں خواتین ملزمان ضمانت پر تھیں پہلے پیش ہوتی رہیں ، مگر آج فیصلہ سننے کے لیے پیش نہیں ہوئیں ، صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کے حتمی بیانات ان کے وکیل نے دیے۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے ملزمہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے تحریری حکم میں لکھا کہ ایس ایچ او شادمان ملزمہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو گرفتار کرکے جیل بھیجے۔

یہ بھی پڑھیں: یاسمین راشد، اعجاز چودھری و دیگر کو 10،10 سال قید کی سزا

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ گواہوں کے مطابق ملزم میاں محمود الرشید موقع پر موجود تھے ، میاں محمود الرشید کے خلاف 11 گواہوں نے گواہی دی ، گواہوں نے بتایا کہ میاں محمود الرشید نے اپنے پستول سے سیدھی فائرنگ کی ، جرح کے دوران ملزم کا پستول ریکور کیا گیا تاہم پراسیکیوشن میاں محمود الرشید کی موقع پر موجودگی ثابت نہیں کرسکی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشتگردی عدالت نے تھانہ شاد مان جلاؤ گھیراؤ کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چودھری کو 10،10 سال قید اور 6،6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

عدالت کی جانب سے رہنما تحریک انصاف عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو بھی 5،5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ سینئر رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کو عدالت نے بری کردیا تھا۔