
تفصیلات کے مطابق اس تعطیل کا اطلاق مختلف محکموں اور اداروں پر ہوگا جن میں میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (MCL، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (LDA)، ٹریفک انجینئرنگ اینڈ پلاننگ ایجنسی (ٹیپا)، واسا، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (PHA)، والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی، راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا)، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (LWMC) اور اس کے تمام زونز شامل ہیں۔ ان اداروں کے دفاتر اور دفاتر کے تحت کام کرنے والی سہولیات عرس کے دن بند رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: مون سون بارشوں کے ساتویں سپیل کا الرٹ جاری
حضرت داتا گنج بخشؒ کا سالانہ عرس لاہور کا ایک اہم اور تاریخی موقع سمجھا جاتا ہے، جس میں نہ صرف لاہور بلکہ ملک بھر اور بیرون ملک سے عقیدت مند اور زائرین بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔ اس موقع پر شہر میں روحانی محافل، محفلِ سماع، قرآن خوانی، اور لنگر کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس لیے حکومت کی جانب سے چھٹی کا اعلان زائرین اور شہریوں کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
تاہم نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کر دیا گیا ہے کہ اس تعطیل کا اطلاق سول سیکرٹریٹ اور اس کے ماتحت اداروں پر نہیں ہو گا۔ یعنی پنجاب سول سیکرٹریٹ سمیت اس کے ماتحت محکمے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور اپنے دفتری امور جاری رکھیں گے۔ اس فیصلے کا مقصد یہ ہے کہ صوبے کی انتظامی مشینری اور اہم سرکاری معاملات میں تعطل پیدا نہ ہو اور حکومتی امور تسلسل کے ساتھ چلتے رہیں۔
لاہور میں عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے جاتے ہیں۔ پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے زائرین کی حفاظت کے لیے متحرک رہتے ہیں، جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی پلان مرتب کیا جاتا ہے تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔