مون سون بارشوں کے ساتویں سپیل کا الرٹ جاری
 پراونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی( پی ڈی ایم اے ) پنجاب نے مون سون بارشوں کے ساتویں اسپیل بارے الرٹ جاری کر دیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پراونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی( پی ڈی ایم اے ) پنجاب نے مون سون بارشوں کے ساتویں اسپیل بارے الرٹ جاری کر دیا۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ 13 سے 15 اگست کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے،راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور اور ڈیرہ غازی خان میں شدید بارشوں کا امکان ہے،دریائے سندھ، چناب، ستلج، جہلم اور راوی کے بالائی حصوں میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔

ترجمان کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ شدید بارشوں کے باعث صوبائی دارالحکومت لاہور ،راولپنڈی، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے،شدید بارشوں کے باعث بڑے دریاؤں سے ملحقہ ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے نے سول ڈیفنس، ریسکیو اور متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مون سون کی نئی لہر، محکمہ موسمیات نے الرٹ کر دیا

عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو الرٹ رکھا جائے، ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے، عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شدید بارشوں کے باعث مری و گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے ، بارشوں کے باعث کچے مکانات مخدوش عمارتوں کو نقصان کا بھی اندیشہ ہے ، مسافر اور سیاح موسمی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اربن و فلیش فلڈنگ کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں ، گاڑی ہرگز بہتے ہوئے پانی سے کراس نہ کریں، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔