مون سون کی نئی لہر، محکمہ موسمیات نے الرٹ کر دیا
monsoon alert Pakistan
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ملک کے مختلف علاقوں میں شدید مون سون بارشوں سے ہونے والی تباہی کے بعد محکمہ موسمیات نے مزید خطرناک لہر کی پیش گوئی کر دی ہے۔

  تفصیلات کے مطابق مون سون کی چوتھی لہر 20 جولائی سے 25 جولائی تک صوبہ پنجاب سمیت کئی علاقوں کو متاثر کرے گی جس میں تیز بارشوں، گرد آلود آندھیوں اور فلیش فلڈز کا خدشہ ظاہر کردیا گیا ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں شدید موسم متوقع ہے جبکہ ایمرجنسی سروسز اب بھی ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے اور پانی میں پھنسے شہریوں کو بچانے کے کام میں سرگرم ہیں۔

تازہ ترین ریسکیو رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز سات مزید افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 180 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، جس کے باعث اردگرد کے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم اے کی مون سون کے چوتھے سپیل کی پیشگوئی

 پنجاب کے تمام اضلاع کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنرز، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، زراعت، آبپاشی، لائیو اسٹاک اور دیگر اداروں کو ہنگامی حالت میں کارروائیوں کی ہدایت دی گئی ہے۔

 دوسری جانب حکومت کو سینیٹ میں شدید تنقید کا سامنا ہے۔ بعض ارکان نے ریاستی اداروں پر غفلت کے الزامات لگاتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا۔  نیز سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے اس معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بنانے اور تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

 واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ آئندہ دنوں میں سفر اور کھلے علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔