آن لائن ٹیکسی ایپ کے ذریعے لوٹنے والا گروہ گرفتار
 online taxi fraud
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور پولیس اور سیف سٹی اتھارٹی کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں آن لائن رائیڈ ہیلنگ ایپ کے ذریعے شہریوں سے فراڈ کرنے والا گینگ گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق، جیل روڈ لاہور سے ایک شہری نے آن لائن ٹیکسی ایپ کے ذریعے رائیڈ بک کی۔ رائیڈ مکمل ہونے سے قبل ڈرائیور شہری کا لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان لے کر فرار ہو گیا۔ متاثرہ شہری نے فوری طور پر 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کرکے پولیس سے مدد طلب کی۔

پولیس کی بروقت کارروائی میں سیف سٹی لاہور کی جدید اے آئی بیسڈ ورچوئل پیٹرولنگ ٹیکنالوجی کا کلیدی کرداررہا۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی گاڑی کا مکمل روٹ ٹریس کیا گیا اور فوری طور پر لوکیشن پولیس کو فراہم کی گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گینگ کے تمام اراکین کو گرفتار کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ گینگ جعلی رائیڈنگ ایپس یا جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بناتا تھا اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو جاتا تھا۔ گرفتار ملزمان سے بڑی مقدار میں قیمتی اشیاء، پستول، لگژری سامان، گاڑیاں اور سینکڑوں جعلی سم کارڈ برآمد کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ سیف سٹی اتھارٹی کے ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آن لائن رائیڈ بُک کرتے وقت صرف مستند اور قابلِ اعتماد ایپلیکیشنز کا استعمال کریں تاکہ کسی بھی قسم کے فراڈ یا نقصان سے بچا جا سکے۔