بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کیا جانے لگا
بھارت ایک بار پھر سفارتی آداب بھول گیا، نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کیا جانے لگا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) بھارت ایک بار پھر سفارتی آداب بھول گیا، نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کیا جانے لگا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے، ان کے گھر گیس اور انٹرنیٹ کی سہولیات وقتاً فوقتاً روکی جارہی ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستانی سفارتکار جن گھروں میں رہ رہے ہیں، ان گھروں کو خالی کرنے کا حکم بھی جاری کردیا گیا ہے، گھر خالی کرنے کا حکم کنٹریکٹ کی مدت ختم ہونے سے پہلے ہی جاری کردیا گیا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق چار سے پانچ پاکستانی سفارتکاروں کو اب تک گھر چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے ، گھر خالی کرنے کے حکم کے ساتھ ساتھ بھارت کے مزید اوچھے ہتھکنڈے بھی جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ائیرچیف کا 6 پاکستانی طیارے تباہ کرنے کا مضحکہ خیز دعویٰ

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کے پانی، دودھ، گیس اور فوڈ ڈیلیوری پر بھی اپریل سے وقتاً فوقتاًپابندی جاری ہے، نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن کے اخبارات بھی اپریل سے روک لئے گئے ہیں۔

سفارتی ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کے بچوں کے اسکول سے داخلے بھی کینسل کردیئے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مودی سرکار کے اقدامات کو ویانا کنونشن کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے معاملہ بھارتی حکومت کے ساتھ باضابطہ طور پر اٹھا لیا ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سفارتی آداب اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔