بھارتی ائیرچیف کا 6 پاکستانی طیارے تباہ کرنے کا مضحکہ خیز دعویٰ
Indian Air Chief claim
فائل فوٹو
نیو دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ائیرچیف مارشل اے پی سنگھ نے ایک حیران کن اور بے بنیاد دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے 4 روزہ جنگ میں پاکستان کے 5 لڑاکا طیاروں سمیت 6 طیارے تباہ کیے۔

پاک فضائیہ کے شاہینوں کے ہاتھوں 6 طیارے گنوانے کے تین ماہ بعد بھارتی فضائیہ کی کمانڈ کو جیسے اب ہوش آیا ہو، بھارتی ائیرچیف مارشل اے پی سنگھ نے ایک حیران کن اور بے بنیاد دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے 4 روزہ جنگ میں پاکستان کے 5 لڑاکا طیاروں سمیت 6 طیارے تباہ کیے۔

بھارتی ائیرچیف کے مطابق بھارتی فضائیہ نے پاکستان کی ائیرفیلڈز کو نشانہ بنا کر وہاں کھڑے طیاروں کو تباہ کیا۔ تاہم یہ دعویٰ کسی بھی قسم کے ثبوت کے بغیر پیش کیا گیا، جس نے بھارتی ائیرفورس کی پیشہ ورانہ صلاحیت پر مزید سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

ذہن نشین رہے کہ 7 مئی کو ہونے والی فضائی جھڑپ کے فوراً بعد پاکستان نے بھارتی لڑاکا طیاروں کی تباہی کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے رکھ دی تھیں۔

ان میں جدید ترین رافیل طیاروں سمیت متعدد بھارتی جہاز شامل تھے۔ اس کے علاوہ پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کی کمیونی کیشن ہیک کر کے کاک پٹ میں ہونے والی گفتگو تک ریکارڈ کی، جس کی تفصیلات بھی جاری کی گئیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستانی مؤقف کی تائید بھارتی میڈیا کی بعض رپورٹس نے بھی کی تھی، جن میں اعتراف کیا گیا تھا کہ بھارتی فضائیہ کو شدید نقصان پہنچا۔ اس کے برعکس بھارتی ائیرچیف کا تین ماہ بعد سامنے آنے والا دعویٰ نہ صرف حقائق سے متصادم ہے بلکہ اسے دفاعی ماہرین بھی ایک سیاسی بیان قرار دے رہے ہیں، جس کا مقصد اندرونی سطح پر عوامی جذبات کو قابو میں رکھنا اور فوجی ناکامیوں پر پردہ ڈالنا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی قیادت کے یہ بیانات زمینی حقائق کو نہیں بدل سکتے، کیونکہ فضائی محاذ پر برتری کا اعتراف دنیا پہلے ہی پاکستان کے حصے میں دے چکی ہے۔