کاروباری اداروں کا موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار
گیلپ پاکستان نے ملک میں بزنس کانفیڈنس کے حوالے سے سروے جاری کر دیا، کاروباری برادری کا قومی سمت پر اعتماد چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) گیلپ پاکستان نے ملک میں بزنس کانفیڈنس کے حوالے سے سروے جاری کر دیا، کاروباری برادری کا قومی سمت پر اعتماد چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

سروے کے مطابق ملک میں سیاسی و اقتصادی غیر یقینی صورت حال میں کمی آئی ہے ، کاروباری اداروں نے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، مہنگائی، توانائی اخراجات اور لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل کے باوجود کاروباری برادری کے اعتماد میں بہتری آئی ہے۔

گیلپ کے مطابق ملکی سمت کا اسکور بہتر ہو کر منفی دو فیصد ریکارڈ کیا گیا ،یہ سال 2021 کی چوتھی سہ ماہی کے بعد اعتماد کی بلند ترین سطح ہے ، 46 فیصد کاروباری اداروں نے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد ظاہر کیا ، ایک سال پہلے کاروباری اداروں کی جانب سے حکومت پر اعتماد کی شرح 24 فیصد تھی ۔

سروے کے 61 فیصد شرکاء نے کاروباری آپریشنز کو اچھا یا بہت اچھا قرار دیا ، پاکستان میں خدمات اور تجارتی شعبوں میں پہلے سے نمایاں بہتری آئی ہے البتہ مینوفیکچرنگ سیکٹر میں بحالی کی رفتار نسبتا سست ہے ، گیلپ سروے کے 61 فیصد شرکاء مستقبل کے بارے میں پر امید ہیں ،تاہم یہ اعتماد گزشتہ سروے کے مقابلے میں صرف ایک فیصد بہتر ہوا ہے ۔

گیلپ سروے کے مطابق کاروباری اداروں کو حالات خراب ہونے کا خدشہ نہیں تاہم بہتری کی رفتار سست ہے ، شرکاء کی جانب سے مہنگائی، توانائی اخراجات میں اضافہ، ٹیکسز اہم مسائل قرار دیا گیا، 28 فیصد شرکاء نے مہنگائی، 18 فیصد نے مہنگے یوٹیلٹی بلز کو مسئلہ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ

سروے کے 11 فیصد شرکاء نے ٹیکسوں کو سب سے اہم مسئلہ قرار دیا ، 47 فیصد شرکاء نے تصدیق کی کہ لوڈ شیڈنگ گزشتہ برسوں سے کم ہے ، سروے کے مطابق پاکستان میں رشوت کی شکایات میں کمی آئی ہے ، 34 فیصد کے مقابلے میں صرف 15 فیصد شرکاء نے رشوت دینے کا اعتراف کیا ۔

گیلپ پاکستان کے مطابق 20 فیصد تاجروں، 13 فیصد سروس سیکٹر، 12 فیصد مینوفیکچرز کو سروے میں شامل کیا گیا، موجودہ سروے کاروباری اسٹیک ہولڈرز میں استحکام کی عکاسی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی کاروباری اداروں کے ملکی معاشی سمت پر اعتماد کے بارے حالیہ گیلپ سروے بزنس کانفیڈینس انڈیکس رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ کاروباری اداروں کا پاکستان کی معیشت پر اعتماد گزشتہ چار سالوں کی بلند سطح پر پہنچ گیا ہے، جو کہ انتہائی خوش آئند ہے

ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی معاشی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، حکومت ملک میں کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے لئے مزید سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے اور اس کیلئے کاروباری برادری سے مشاورت کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔