عمران خان کے طبی معائنے کیلئے عدالت میں درخواست دائر
وزیر اعلی خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کے طبی معائنہ کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا
علی امین گنڈاپور نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کے طبی معائنہ کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وزیر اعلی خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کے طبی معائنہ کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپخونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے دائر درخواست میں جیل ہسپتال اور شوکت خانم ہسپتال کو فریق بنایا گیا جس میں استدعا کی کہ شوکت خانم ہسپتال کے طبی ٹیم کو ماہانہ طبی معائنہ اور ضروری ٹسٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ذریعے اسلام آباد میں دائر درخواست میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے شوکت خانم ہسپتال سے اپنا طبی معائنہ کروانے کی استدعا کی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کرانے کا حکم دیا جائے، شوکت خانم کے ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم کو ہر ماہ طبی معائنہ اور ضروری ٹیسٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی نے عمران خان کے نام پیغام جاری کردیا

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فریقین کو میڈیکل رپورٹس کی کاپی عدالت اور عمران خان کے فیملی اراکین کے ساتھ شئیر کرنے کا حکم دیا جائے ۔ فوری ریلیف کے لیے بانی پی ٹی آئی کے 3 دن میں شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹروں سے معائنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت میں درخواست علی امین گنڈا پور نے وکیل راجا ظہور الحسن ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی ہے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی عمر 72 سال ہے اور معمول کا طبی معائنہ ضروری ہے۔ جیل میں قید کے دوران بانی پی ٹی آئی کا وزن کم ہوگیا ہے، ان کے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی طبی ہسٹری شوکت خانم اسپتال کے پاس موجودہے، وہاں کی ٹیم کو ماہانہ طبی معائنہ اور ضروری ٹیسٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی کوطبی معائنہ اور ٹیسٹوں کے لیے بانی پی ٹی آئی تک رسائی کا حکم دیا جائے۔