شاہ محمود قریشی نے عمران خان کے نام پیغام جاری کردیا
Shah Mahmood Qureshi and Imran Khan
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمران خان سے ضمنی انتخابات کے حوالے سے اہم فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کر دی۔

تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی کی جانب سے بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کوٹ لکھپت جیل لاہور سے پیغام بھیجا گیا ہے، جس میں استدعا کی گئی کہ ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کے فیصلے پر دوبارہ غور کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی میدان کو خالی چھوڑنا غلط ہوگا اور ہمیں سیاسی انتقام اور جبر کے باوجود ضمنی انتخابات میں حصہ لینا چاہیے۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی کا موقف ہے کہ الیکشن میں شرکت کے ذریعے ہی عوام کو اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حق میں عوامی حمایت کو مزید تقویت ملے۔

انہوں نے سیاسی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مخالفین کو میدان چھوڑنے پر مجبور کیا جا سکے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام کو وکلاء کے ذریعے عمران خان تک پہنچانے کی ہدایت بھی دے دی ہے تاکہ پارٹی کی قیادت کو اس بارے میں مکمل معلومات فراہم کی جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی رکن پنجاب اسمبلی کی معطلی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

ذہن نشین رہے کہ یہ پیش رفت ایسے موقع پر ہوئی ہے جب پاکستان میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

اب شاہ محمود قریشی کی جانب سے اس فیصلے پر نظرثانی کی درخواست پارٹی کے اندر سیاسی حکمت عملی میں تبدیلی کا اشارہ دے رہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندر اس معاملے پر مزید بحث اور مشاورت متوقع ہے، جس سے آئندہ سیاسی منظرنامے پر گہرا اثر پڑنے کا امکان ہے۔