
گزشتہ روز لاہورکی انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ شاد مان جلاؤ گھیراؤ اور پولیس کی گاڑیاں نذر آتش کرنے کے کیس پر جیل ٹرائل مکمل کرلیا، عدالت کی جانب سے دونوں مقدمات کا فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔
دونوں مقدمات کا ٹرائل مکمل ہونے پر عدالت نے ریمارکس میں کہا تھا کہ دونوں مقدمات کا محفوظ کر لیا گیا ہے جو 11 اگست کو سنایا جائے گا، رات دیر ہونے کے باعث آج فیصلہ نہیں سنایا جارہا ، فیصلہ اب اگست پیرکے روز سنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے 9 مئی کو تھانہ شادمان کو جلانے کے مقدمہ میں 41 ملزمان کے خلاف چالان عدالت میں پیش کیا گیا ، مقدمہ میں نامزد 25 ملزمان کا ٹرائل کیا گیا، نامزد ملزمان میں سے 15 کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے جبکہ ایک ملزم وفات پاچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نو مئی کیس، شاہ محمود بری، یاسمین راشد و دیگر کو 10 سال قید کی سزا
مقدمے میں مجموعی طور پر 45 گواہان نے شہادت ریکارڈ کرائی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، عمرسرفرازچیمہ، اعجازچودھری ،عالیہ حمزہ اورصنم جاوید سمیت دیگر ملزمان مقدمہ میں نامزد ہیں۔
علاوہ ازیں 9 مئی کو جناح ہاؤس کےقریب پولیس کی گاڑیاں نذر آتش کرنے کے دوسرے مقدمے میں 65 گواہان نے شہادت ریکارڈ کرائی مقدمہ میں 17 ملزمان کا ٹرائل کیاگیا جن میں سے 7 اشتہاری قرار دیے گئے اور ایک ملزم وفات پاچکا ہے۔
خیال رہے کہ 9 مئی کے اس دوسرے مقدمہ میں بھی سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق گورنر پنجاب عمر سرفرازچیمہ اور دیگر نامزد ہیں۔