نو مئی کیس: شاہ محمود قریشی بری، یاسمین راشد و دیگر کو 10 سال قید کی سزا
 عدالت نے 9 مئی کے کیس میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو بری کردیا جبکہ سابق صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) عدالت نے 9 مئی کے کیس میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو بری کردیا جبکہ سابق صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی۔

کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی مقدمات کے جیل ٹرائل کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت پراسیکیوشن کی جانب سے 61 گواہان کی شہادت قلم بند کی گئی، ملزمان کے وکلا کی جانب سے دلائل مکمل کیے گئے جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

عدالت کی جانب سے فیصلہ محفوظ کیے جانے کے بعدپولیس کی اضافی نفری کوٹ لکھپت جیل کے باہر پہنچ گئی،جیل حکام نے ضمانت پر موجود ملزمان کو فیصلے تک کوٹ لکھپت جیل کے اندر ہی روک لیا ۔

بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پی ٹی آئی رہنما حمزہ عظیم سمیت 6 ملزمان کو بری کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: نو مئی مقدمات، احمد خان بھچر کو 10 سال قید کی سزا

علاوہ ازیں عدالت نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں جرم ثابت ہونے پر سابق صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد ،میاں محمود الرشید، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور سینیٹر اعجاز چودھری سمیت 9 ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنادی۔

واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی القادر ٹرسٹ میں گرفتاری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے سول و عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔

پی ٹی آئی کے پرتشدد احتجاج کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو حراست میں لیا تھا جبکہ سابق وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔