نو مئی مقدمات: اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر کو 10 سال قید کی سزا
انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی مقدمات میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر سمیت دیگر کو 10،10 سال قید کی سزا سنادی۔
فائل فوٹو
سرگودھا: (سنو نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی مقدمات میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر سمیت دیگر کو 10،10 سال قید کی سزا سنادی۔

سرگودھا کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف 9 مئی مقدمات کی سماعت مکمل ہوگئی،عدالت نے میانوالی، تھانہ موسیٰ خیل کے مقدمہ نمبر 72 کا فیصلہ سنا دیا ، عدالت کی جانب سے پی ٹی آئی کے 36 کارکنان و رہنماؤں کو سزا سنائی گئی۔

عدالت نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر کو 10 سال قید کی سزا سنا دی، ایم این اے احمد چٹھہ اور سابق رکن قومی اسمبلی بلال اعجاز سمیت تمام 36 ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا ئی گئی۔

خیال رہے ملزمان کے خلاف 9 مئی 2023 کو پُرتشدد احتجاج، جلاؤ گھیراؤ اور دیگر سنگین الزامات پر مقدمہ میں نامزد کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ برس 21 دسمبر کو فوجی عدالت کی جانب سے بھی سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں نامزد 25 مجرموں کو 10 سال تک قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: مذاکرات کا وقت ختم، اب وہ ہوگا جو بانی ہدایات دیں گے، بیرسٹر گوہر

بعدازاں 26 دسمبر 2024 کو بھی فوجی عدالت نے سانحہ 9 مئی میں ملوث بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے حسان نیازی سمیت مزید 60 مجرمان کو 10 سال تک قید بامشقت کی سزائیں سنائی تھی۔

واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی القادر ٹرسٹ میں گرفتاری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے سول و عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔

پی ٹی آئی کے پرتشدد احتجاج کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو حراست میں لیا تھا جبکہ سابق وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔