وفاق میں صحت سہولت کارڈ کو مستقل بنانے کیلئے بڑی پیش رفت
Federal Health Program Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وفاق میں صحت سہولت کارڈ کو مستقل بنانے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اس مقصد کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی، جسے ایک ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس کمیٹی میں وفاقی وزراء احسن اقبال، مصطفٰی کمال، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری منصوبہ بندی، صحت کارڈ پروگرام کے سربراہ محمد ارشد اور سی ای او اسٹیٹ لائف انشورنس شامل ہیں۔

کمیٹی صحت سہولت کارڈ کے مالیاتی پہلوؤں کا جائزہ لے گی اور فیصلہ کرے گی کہ اس کے اخراجات جاری بجٹ سے کیے جائیں یا ترقیاتی بجٹ میں فنڈز مختص کیے جائیں۔

خیال رہے کہ یہ پروگرام وفاق میں یونیورسل کوریج کے تحت لاکھوں خاندانوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ضلع تھرپارکر کے شہری بھی اس پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں جنگلات بڑھانے کا منصوبہ، شجر کاری مہم کا آغاز

یاد رہے کہ وفاقی دارالحکومت کے شہری کئی ماہ سے صحت سہولت کارڈ کی سہولت سے محروم ہیں، جس کیوجہ سے عوام میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ اس کمیٹی کی رپورٹ کے بعد صحت کارڈ پروگرام کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کے حوالے سے حتمی فیصلے متوقع ہیں، جس سے لاکھوں افراد کو آسان اور سستی طبی سہولتیں میسر آئیں گی۔

وزیراعظم کی ہدایت پر اس کمیٹی کی تشکیل اور رپورٹ کا مقصد صحت سہولت کارڈ پروگرام کو بہتر، مستحکم اور پائیدار بنانا ہے تاکہ ملک بھر میں صحت کی خدمات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکے۔