پارکنگ مسائل کے حل کے لیے پنجاب حکومت کا بڑا اقدام
Lahore parking project
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے اندرون شہر میں پارکنگ کے بڑھتے ہوئے مسائل کے مستقل حل کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کا فیصلہ کر لیا ۔

لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اتھارٹی کی جانب سے متعدد نئے پارکنگ پلازوں کی تعمیر کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کی باقاعدہ منظوری دی جا چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق نیلا گنبد، انارکلی، ٹولنٹن مارکیٹ اور مال روڈ پر پارکنگ پلازہ منصوبے کو حتمی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں ناصر باغ زیر زمین پارکنگ پلازہ کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ ناصر باغ پلازہ کی فزیبیلٹی رپورٹ مکمل کر لی گئی ہے اور منصوبے کی ذمہ داری لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ذیلی ادارے ٹیپا (TEPA) کو سونپ دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام: نئی شادی شدہ خواتین کیلئے خوشخبری

واضح رہے کہ ٹیپا جلد ہی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ (P&D) کے آئندہ اجلاس میں اس منصوبے کی باضابطہ منظوری لے گا جس کے بعد تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا۔ نیلا گنبد، ٹولنٹن مارکیٹ اور ناصر باغ میں پارکنگ پلازہ منصوبے رواں مالی سال میں شروع کیے جائیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں سے نہ صرف اندرون شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی آئے گی بلکہ کاروباری سرگرمیوں میں بھی بہتری آئے گی۔ نئے پارکنگ پلازے شہریوں کو محفوظ، منظم اور جدید سہولیات فراہم کریں گےجس سے لاہور شہر میں ٹریفک کا نظام مزید بہتر ہو گا۔