احساس نوجوان پروگرام: اہلیت اور درخواست کا طریقہ کار
Ehsaas Naujawan Programme
فائیل فوٹو
(ویب ڈیسک): احساس نوجوان پروگرام کا مقصد خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو کاروبار اور معاشی مواقع فراہم کرکے بااختیار بناناہے۔

خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اس پروگرام کا افتتاح کیا جو کہ اسپورٹس اور یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔

 اس منصوبے کو "نوجوان انٹرپرینیورشپ پروگرام" یا "یوتھ کلسٹر سافٹ لون انٹرپرینیورشپ پروگرام (YCSLEP) 2024" کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ اس پروگرام کے لیے تین ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو بغیر سود کے قرضے فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔ اس پروگرام میں خواتین، اقلیتوں اور خصوصی افراد کو ترجیح دی جائے گی ۔

اس پروگرام کے تحت اہلیت کے لیے درخواست گزار کی عمر 18 سے 35 سال کے درمیان ہونی چاہیے، خیبرپختونخوا کا رہائشی ہو، اس کے پاس شناختی کارڈ ہو، کاروباری منصوبہ قابل عمل ہو اور کریڈٹ ہسٹری صاف ہو۔

درخواست دینے کا طریقہ کار یہ ہے کہ سب سے پہلے اپنی اہلیت کی تصدیق کریں، پھر ایک مکمل کاروباری منصوبہ تیار کریں جس میں کاروبار کا خیال، مقاصد اور مالی تخمینے شامل ہوں۔ اس کے بعد درخواست آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کروائیں۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا نے جانشینی سرٹیفکیٹ کے لیے صوبائی پابندی ختم کر دی

 آپ کی درخواست کا جائزہ بینک آف خیبر یا اخوت اسلامک مائیکروفنانس لے گا جو قرضے کی کیٹیگری پر منحصر ہوگا۔ منظوری کے بعد متعلقہ فنانسنگ ادارے کے ذریعے قرض کی رقم جاری کی جائے گی۔

پروگرام کے دو اہم اجزاء ہیں۔ پہلا، بینک آف خیبر کے تحت قرضے جن کی رقم 10 لاکھ سے 50 لاکھ روپے کے درمیان ہوگی اور یہ تین سے پانچ ہنر مند نوجوانوں پر مشتمل گروپس کو دیے جائیں گے۔ اس میں ادائیگی کی مدت 8 سال ہے جس میں ابتدائی 20 ماہ کی رعایت دی جائے گی۔

 دوسرا، اخوت اسلامک مائیکروفنانس کے تحت قرضے جو کہ 1 لاکھ سے 5 لاکھ روپے تک ہوں گے اور یہ انفرادی سطح پر دیے جائیں گے خواہ درخواست دہندہ تعلیم یافتہ ہو یا نہیں۔ ان قرضوں کی واپسی کی مدت 3 سے 5 سال رکھی گئی ہے اور ان کا مقصد چھوٹے کاروبار اور خود روزگاری کو فروغ دینا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے، معاشی ترقی اور خوشحالی کی طرف ایک اہم قدم ہے جو انہیں نہ صرف مالی وسائل فراہم کرتا ہے بلکہ انہیں جدید دور کی مہارتوں سے بھی لیس کرتا ہے۔