تحریک انصاف کا مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کیلئے عدالت سے رجوع
 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کے لیے لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کے لیے لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی امتیاز محمود شیخ نے وکلاء کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔

درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لاہور کو 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کیلئے تحریری درخواست دی ہے، تاحال ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلسے کی اجازت کے حوالے سے این او سی جاری نہیں کیا گیا۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ پاکستان تحریک انصاف کو 5 اگست کے روز مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کیلئے این او سی جاری کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 22 جولائی کو مینار پاکستان جلسے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست دی تھی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف پیٹرن انچیف پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے جلسے کا انعقاد کرنا چاہتی ہے، 5 اگست کو شام 4 سے لے کر رات 10 بجے تک پارٹی قیادت کے ساتھ صوبائی اسمبلی کے ممبران مینار پاکستان میں جلسہ کرنے کے خواہاں ہیں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کو جمع کرائی گئی درخواست میں مزید کہا گیا کہ 5 اگست کو مینار پاکستان یا کسی اور متبادل جگہ پر جلسہ کی اجازت دی جائے۔