پی ٹی آئی کا 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان
 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کر دیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کر دیا۔

پی ٹی آئی لاہور کے صدر شیخ امتیاز محمود نے ڈپٹی کمشنر کو جلسے کی اجازت کے حوالے سے درخواست دے دی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف پیٹرن انچیف پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے جلسے کا انعقاد کرنا چاہتی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ 5 اگست کو شام 4 سے لے کر رات 10 بجے تک پارٹی قیادت کے ساتھ صوبائی اسمبلی کے ممبران مینار پاکستان میں جلسہ کرنے کے خواہاں ہیں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کو جمع کرائی گئی درخواست میں مزید کہا گیا کہ 5 اگست کو مینار پاکستان یا کسی اور متبادل جگہ پر جلسہ کی اجازت دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی قیادت نہیں چاہتی عمران خان جیل سے باہر آئیں، فواد چودھری

یاد رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ حکومت سے مذاکرات کا وقت ختم ہو گیا، اب وہ ہوگا جو بانی پی ٹی آئی عمران خان ہدایات دیں گے، عمران خان اس احتجاج کو جیل سے خود لیڈ کریں گے۔

ان کاکہنا تھا کہ دو سال ہو گئے ہیں، اب سختیاں ختم ہونی چاہئیں، بانی پی ٹی آئی سے پارٹی قیادت کی ملاقات ہونی چاہیے، عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے عدالتی فیصلے موجود ہیں تاہم ان کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے آخری ملاقات بیرسٹر سیف کی ہوئی پھر ان کی بہنوں کی ملاقات ہوئی، پی ٹی آئی کے لوگوں کو نکالنا نہیں پڑتا لوگ خود نکلتے ہیں۔