پنجاب حکومت کا ’دھی رانی پروگرام‘، 5,000 اجتماعی شادیوں کا منصوبہ
Punjab weddings program
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے 5,000 اجتماعی شادیوں کا انعقاد کرنے کے لیے ’دھی رانی پروگرام‘ کے تحت ایک جامع منصوبہ پیش کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق اس پروگرام کا مقصد صوبے کے غریب اور مستحق جوڑوں کو شادی کے اخراجات میں مالی معاونت فراہم کرنا اور انہیں ایک باوقار آغازِ زندگی دینا ہے۔

اس پروگرام کے تحت ہر جوڑے کو 2 لاکھ روپے کی نقد امداد دھی رانی کارڈ‘ کے ذریعے فراہم کی جائے گی تاکہ شادی کے اخراجات میں آسانی ہو۔ شادی کے لباس، زیورات، اور ہال کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی تاکہ ہر جوڑے کو باعزت اور مکمل سہولیات کے ساتھ شادی میسرآ سکے۔

مزید برآں اس پروگرام میں پہلی بار ہندو برادری کے مستحق جوڑوں کو بھی شامل کیا جا رہا ہے جو حکومت کی شمولیتی سوچ کا عکاس ہے۔ اجتماعی شادیوں کا انعقاد نومبر 2025 سے فروری 2026 کے درمیان کیا جائے گا اور حکومت کی کوشش ہے کہ یہ تمام تقریبات رمضان 2026 سے پہلے مکمل ہو جائیں۔

واضح رہے کہ اس منصوبے کے لیے 1.7 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے تاکہ بروقت اور شفاف انداز میں امداد کی تقسیم ممکن ہو۔

یہ بھی پڑھیں: بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام میں رجسٹریشن کا آسان طریقہ جانیے

وزیرسوشل ویلفیئروبیت المال سہیل شوکت بٹ نے اپنےبیان میں کہا کہ دھی رانی پروگرام پنجاب کی بیٹیوں کی آواز بن چکا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے وژن اور ہمدردانہ سوچ نے اس پروگرام کو عوامی اعتماد اور کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہےکہ اکتوبر 2025 تک تمام مستحق جوڑوں کی فزیکل ویری فکیشن مکمل کر لی جائے گی تاکہ امداد شفاف طریقے سے یہ مدد صرف ان ہی لوگوں تک پہنچے جو اس کے اہل ہیں۔

یاد رہے کہ دھی رانی پروگرام‘ نہ صرف غریب طبقے کو باعزت شادیوں کی سہولت دے رہا ہے بلکہ یہ معاشرتی فلاح، مساوات اور شمولیت کی جانب بھی ایک عملی قدم ہے۔