سرگودھا: قرض کے بوجھ تلے دبے نوجوان نے زندگی کا خاتمہ کرلیا
ملک میں جاری معاشی بحران اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے نوجوانوں کی زندگیوں کو شدید متاثر کرنا شروع کر دیا ، حالیہ افسوسناک واقعہ میں سرگودھا کے ایک 24 سالہ نوجوان نے قرض کے بوجھ تلے دب کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
فائل فوٹو
سرگودھا: (سنو نیوز) ملک میں جاری معاشی بحران اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے نوجوانوں کی زندگیوں کو شدید متاثر کرنا شروع کر دیا ، حالیہ افسوسناک واقعہ میں سرگودھا کے ایک 24 سالہ نوجوان نے قرض کے بوجھ تلے دب کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت طیب کے نام سے ہوئی ہے جس کی لاش سرگودھا کے اسپورٹس اسٹیڈیم کے قریب سے برآمد ہوئی، نوجوان کے بازو پر انجکشن کے نشانات موجود تھے جس سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس نے نشہ آور دوا کا استعمال کر کے خودکشی کی۔

ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ نوجوان کی جیب سے ایک پرچی بھی ملی ہے جس پر اس نے اپنے قرضوں کی تفصیل تحریر کی تھی، پرچی میں مختلف افراد کے نام اور ان کے ذمے واجب الادا رقوم درج تھیں، طیب نے اپنے آخری پیغام میں لکھا، "گھر والوں سے بس اتنی سی التجا ہے کہ میرا ادھار دے دینا تاکہ عذاب کچھ کم ہو۔"

یہ تحریر اس نوجوان کی ذہنی کیفیت اور اس پر پڑنے والے شدید دباؤ کو ظاہر کرتی ہے، معاشی مسائل، بے روزگاری اور قرضوں کے بوجھ نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی۔

ریسکیو ٹیم نے لاش کو ابتدائی کارروائی کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا جس کے بعد میت کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور متوفی کے اہل خانہ سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ مزید حقائق سامنے آ سکیں۔