
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں بے گناہ، معصوم اور پرامن شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور واقعہ میں زخمی ہونے والے شہریوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے مکروہ عزائم ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ دہشت گردوں اور دہشت گردی کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے علاقے وادی تیراہ کے باغ میدان میں احتجاجی مظاہرین پر فتنہ الخوارج کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 5 افراد کی شہادت اور 17 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تیراہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، ہم شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور انصاف و امن کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے ایک کروڑ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 25 لاکھ روپے فی کس مالی امداد کا اعلان کیا تھا۔