
سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلزپارٹی نیر حسین بخاری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ ن اور ہمارے درمیان ایسا کوئی معاہدہ نہیں ہوا کہ پیپلزپارٹی کسی ضمنی الیکشن میں ن لیگ کے مدمقابل نہیں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اس وقت بیرون ملک ہیں ، آج میں ان سے ضمنی الیکشن کے حوالے سے مشاورت کروں گا، چیئرمین سے تفصیلی مشاورت کے بعد جلد پیپلزپارٹی کے امیدواروں سے درخواسیتیں لینے کی تاریخ دے دی جائے گی۔
نیر بخاری کا مزید کہنا تھا کہ ہم لاہور کے حلقہ این اے 129 سے الیکشن لڑنے کے لئے اپنا پراسیس مکمل کریں گے اور ضمنی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جے یو آئی کے سینئر رہنما ڈاکٹر سید ولی خان قتل
خیال رہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 129 کی نشست تحریک انصاف کے حمایت یافتہ میاں اظہر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، میاں محمد اظہر مرحوم نے 2024 میں ہونے والے عام انتخابات میں لیگی امیدوار میاں نعیم کو شکست دے کر کامیابی سمیٹی تھی۔
واضح رہے گزشتہ عام انتخابات میں اس حلقہ سے اورنگزیب برکی پیپلزپارٹی کے امیدوار تھے، جو میاں اظہر سے الیکشن ہار گئے تھے، میاں اظہر نے اس حلقہ سے ایک لاکھ 3 ہزار718 ، لیگی امیدوار میاں نعمان نے 71 ہزار 540 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار اورنگزیب برکی کو صرف 3 ہزار 5 ووٹ ملے تھے۔