
یہ دل دہلا دینے والا واقعہ دراگائی کے علاقے میں پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر سید ولی خان کچھ عرصے سے سیکیورٹی خدشات کی بنا پر اپنے آبائی علاقے کو چھوڑ کر چشمئی میں مقیم تھے۔ گزشتہ روز وہ کسی ضروری کام کے سلسلے میں دراگائی واپس گئے تھے کہ راستے میں نامعلوم مسلح موٹر کار سواروں نے انہیں روک لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے انہیں زبردستی ان کے خالی گھر میں لے جا کر قتل کیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
ذہن نشین رہے کہ مقتول جے یو آئی کے سرگرم سیاسی کارکن اور سب ڈویژن وزیر کے سابق جنرل سیکرٹری رہ چکے تھے، اور علاقے میں ان کی سماجی و سیاسی خدمات کے باعث خاصی پہچان تھی۔
یہ بھی پڑھیں:جماعت اسلامی کا لانگ مارچ مظفر گڑھ میں روک لیا گیا،سینئررہنما گرفتار
دوسری جانب پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
جے یو آئی رہنماؤں نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔