
کمشنر ساہیوال/چیئرپرسن ڈاکٹر آصف طفیل نے پوزیشن ہولڈرز کے ناموں کا اعلان کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر نوید عظمت اور سیکرٹری بورڈ فیاض سلیمی بھی موجود تھے۔
چیئرپرسن ڈاکٹر آصف طفیل نے بتایا کہ ساہیوال بورڈ میں اوکاڑہ کے نجی سکول کے طالب علم فیضان فرید نے 1200 میں سے 1189 نمبر حاصل کر کے بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
انہوں نے بتایا کہ اوکاڑہ کے ہی نجی سکول کی طالبہ ام رومان نے 1187 اور نجی سکول گوگیرہ کے طالب علم محمد فیضان نے 1185 نمبر حاصل کر کے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔
کمشنر ساہیوال کے مطابق ساہیوال بورڈ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے میٹرک امتحان میں 71 ہزار 789 طلبہ نے حصہ لیا جن میں سے 48 ہزار 680 طلبہ کامیاب ہوئے، امتحان میں کامیابی کا تناسب 67.81 فیصد رہا، کمشنر ساہیوال نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کو مبارکباد بھی دی۔
یہ بھی پڑھیں: میٹرک کے نتائج کا انتظار ختم، لاہور بورڈ نے شیڈول جاری کردیا
ادھر فیصل آباد تعلیمی بورڈ نے بھی میٹرک کے پوزیشن ہولڈر طلبہ کے ناموں کا اعلان کردیا۔
فیصل آباد میں نجی سکول کے طالب علم محمد معیز قمر نے 1189 نمبر لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی،پینسرہ سے ماہم ممتاز نے 1187 نمبرز کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ میرب ورک نے 1186 نمبرز کے ساتھ مجموعی طور پر بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
بورڈ حکام کے مطابق تعلیمی بورڈ کی جانب تقریب تقسیم انعامات ڈی ایم سی کالج میں 24 جولائی کو منعقد کی جائے گی۔