
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکاری سکولوں کے لیے صوبہ بھر میں اسکول وین سروس آغاز کرنے کی تجویز طلب کر لی، اس فیصلے کا مقصد دور دراز علاقوں کے بچوں کو تعلیم تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری ہدایت دی کہ وہ اسکول ٹرانسپورٹ سروس کے لیے جامع اور قابل عمل اور قابل فہم منصوبہ تیار کریں۔ اجلاس میں آن وہیل مونٹیسوری اسکول منصوبے پر بھی غور کیا گیا، جس کے تحت چھوٹے بچوں کے لیے موبائل تعلیمی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: عوام کے لیے بڑی خوشخبری، ملک بھر میں بجلی سستی
اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسکول آؤٹ سورسنگ ماڈل کے تحت طلبہ کے داخلوں میں 99٪ اور اساتذہ کی تعداد میں 114 ٪ اضافہ ہوا ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے 60 ہزار سے زائد نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کا مقصد سرکاری اسکولوں کو نجی اسکولوں سے بھی بہتر بنانا ہے، اور اس کے لیے جدید سہولیات، بہترین تربیت یافتہ اساتذہ اور معیاری تعلیم کو یقینی بنانا ہے۔