
یونیورسٹی کے جاری کردہ سرکاری اعلان کے مطابق، آن لائن درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 5 اگست 2025 رات 11 بجکر 59 منٹ پر مقرر کی گئی ہے۔
یونیورسٹی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ پہلے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج پنجاب یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ www.pu.edu.pk پر اپلوڈ کر دیے گئے ہیں، جہاں امیدوار اپنی کارکردگی چیک کر سکتے ہیں۔ پہلے ٹیسٹ میں تقریباً 34 ہزار طلباء نے حصہ لیا، جو یونیورسٹی کے تعلیمی شعبہ جات میں طلباء کی بھرپور دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چانگان پاکستان کی گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ
دوسرے داخلہ ٹیسٹ کے لیے رجسٹریشن، جو 20 جولائی کو منعقد ہونا ہے، 4 جولائی کو بند ہو چکی ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے طلباء کو دوسرے ٹیسٹ میں دوبارہ حصہ لینے کی اجازت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنے اسکور کو بہتر بنا سکیں۔
یونیورسٹی کے مطابق، داخلے کے میرٹ میں 25 فیصد وزن انٹری ٹیسٹ کا ہوگا، اور یہ ٹیسٹ تمام انڈرگریجویٹ پروگرامز کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے۔
طلباء کی سہولت کے لیے، پنجاب یونیورسٹی نے انٹری ٹیسٹ پاکستان کے مختلف بڑے شہروں میں منعقد کرنے کا انتظام کیا ہے۔ مختلف تعلیمی شعبہ جات کے مطابق سات مختلف اقسام کے ٹیسٹ تیار کیے گئے ہیں۔
امیدواروں کو سختی سے مشورہ دیا گیا ہے کہ فارم جمع کروانے سے قبل پنجاب یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ پر جا کر اہلیت کے معیار، درخواست کا طریقہ کار، اور درکار دستاویزات کو اچھی طرح سے ملاحظہ کر لیں۔