چانگان پاکستان کی گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ
چانگان پاکستان نے اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر صارفین کو حیران کر دیا ہے
چانگان پاکستان نے اپنی متعدد مشہور ماڈلز گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا/ فائک فوٹو
(ویب ڈیسک) چانگان پاکستان نے اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر صارفین کو حیران کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق چانگان پاکستان کمپنی کی متعدد مشہور ماڈلز پر کیا گیا ہے، جن میں اوشان ایکس 7، ایلسوِن، کاروان اور شیرپا شامل ہیں۔ قیمتوں میں یہ اضافہ 45 ہزار روپے سے لے کر 2 لاکھ روپے تک کیا گیا ہے، جو ہر ماڈل اور اس کے ویریئنٹ کے مطابق مختلف ہے۔

چانگان کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اوشان ایکس 7، جو کہ کمپنی کی ایک پریمیم SUV سمجھی جاتی ہے، اس کے دونوں FS ویریئنٹس  پانچ نشستوں اور سات نشستوں والے ماڈلز  کی قیمت میں 2 لاکھ روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ یہ اضافہ اسے اس سیگمنٹ کی دیگر گاڑیوں کے مقابلے میں مہنگی کر دیتا ہے اور ممکنہ خریداروں کے لیے مزید مالی بوجھ پیدا کرتا ہے۔

ایلسوِن سیڈان، جو پاکستان میں چانگان کی ایک مقبول گاڑی ہے، اس کے تمام ویریئنٹس کی قیمتوں میں بھی 90 ہزار روپے سے لے کر ایک لاکھ روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ گاڑی مڈ رینج صارفین کے لیے ایک پسندیدہ انتخاب تھی، لیکن نئی قیمتوں کے بعد یہ کئی خریداروں کی پہنچ سے دور ہو سکتی ہے۔

کاروان اور شیرپا جیسے کمرشل یا فیملی استعمال کے لیے موزوں ماڈلز بھی اس قیمت میں اضافے سے متاثر ہوئے ہیں، تاہم ان ماڈلز کے حوالے سے فی الحال تفصیلی قیمتیں جاری نہیں کی گئیں۔

چانگان نے اس اضافے کی وجوہات میں حالیہ وفاقی بجٹ میں ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں میں تبدیلی، ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتیں، اور مینٹیننس و آپریٹنگ اخراجات میں اضافے کو قرار دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق وہ ان عوامل کے باعث اپنی لاگت پوری کرنے اور معیار برقرار رکھنے کے لیے مجبوراً قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے۔