
لاہور میں پانڈو سٹریٹ سے برآمد ہونے والا نویں محرم کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا خیمہ سادات پہنچا اور خیمہ سادات سے واپس پانڈو سٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
جلوس کے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی، مرکزی جلوس کے روٹ پر 3 ہزار 600 پولیس اہلکاروں نے ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیے، مرکزی جلوس کو 1600 سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹر کیا جا رہا تھا ۔
اسلام آباد:
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی نو یں محرم الحرام کا مرکزی جلوس اختتام پذیر ہو گیا، مرکزی جلوس امام بارگاہ جامعہ اثنا عشری، جی سکس سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا واپس مرکزی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
راولپنڈی:
راولپنڈی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ فاطمیہ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا، جلوس اپنے روایتی راستوں ہاتھی چوک، کباڑی بازار اور اندرون بازار سے ہوتا ہوا امام بارگاہ پہنچا۔
جلوس میں عزاء داروں کی بڑی تعداد شریک تھی، جلوس کے شرکاء نے تعزیئے اور ذوالجناح کی زیارت کی اور شہدائے کربلا سے اظہار عقیدت کیا۔
کراچی:
کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس اختتام پزیر ہوگیا، کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس دوپہر 12 بجے نشتر پارک سے برآمد ہوا جو حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا۔
حیدرآباد:
حیدرآباد میں 9 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس اختتام پذیر ہوگیا، جلوس انجمن گلدستہ اکبر کے زیر انتظام امام بارگاہ چہاردہ معصومین سے نکالا گیا تھا، جلوس اپنے آغاز کے مقام پر ہی پہنچ کر اختتام پذیر ہوا،جلوس کے شرکاء نے سلام چوک پر نماز ظہرین ادا کی، پولیس، رینجرز و اسکاؤٹس کے دستے جلوس کے ہمراہ موجود رہے۔
سکھر:
سکھر میں بھی نویں محرم کا 500 سالہ تاریخی مرکزی جلوس نوڈھالا قدیمی ماتم میدان کربلا پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا، جلوس میں لاکھوں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی،جلوس کے اختتام کے بعد میدان کربلا میں دعا کروائی گئی۔
شورکوٹ:
شورکوٹ میں شبیہ علم کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حیدری چوک میں اختتام پذیر ہوا۔
نویں محرم الحرام کے جلوسوں کے موقع پر سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے تھے، ہزاروں پولیس اہلکاروں نے جلوسوں کے راستوں پر ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیے، ملک بھر میں نویں محرم الحرام کے جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ جاری رہی۔