
نادرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جن شہروں میں یہ موبائل رجسٹریشن وینز عوامی خدمت کے لیے آئیں گی ان میں ساہیوال، وہاڑی، مظفر گڑھ، پاکپتن، رحیم یار خان، راجن پور، خانیوال، بہاولنگر، بہاولپور، کوٹ ادو، لیہ اور لودھراں شامل ہیں۔ ان تمام اضلاع میں نادرا کی وین سروس 4 جولائی سے 11 جولائی 2025 تک موجود رہے گی۔
یہ موبائل وینز شہریوں کو نادرا سے متعلقہ مختلف سہولیات جیسے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC)، بچوں کے ب فارم، شناختی کارڈ کی تجدید، اور دیگر اہم خدمات ان کے قریبی علاقوں میں مہیا کریں گی تاکہ لوگوں کو نادرا دفاتر کے لمبے چکر نہ لگانے پڑیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک پر مجموعی قرضوں کا بوجھ 76 ہزار ارب روپے سے متجاوز
نادرا حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اصل شناختی دستاویزات اور ضروری کاغذات ساتھ لے کر آئیں تاکہ ان کی رجسٹریشن یا تجدید کا عمل فوری اور بغیر کسی پریشانی کے مکمل کیا جا سکے۔ مزید یہ کہ نادرا کے موبائل وین عملے کو مکمل تربیت یافتہ اور ہمدرد عملہ قرار دیا گیا ہے، جو شہریوں کی رہنمائی اور معاونت کے لیے ہر وقت موجود ہوگا۔
نادرا نے یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ جو شہری اس سروس سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں، وہ نادرا کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام اور نادرا کا واٹس ایپ چینل فالو کریں، جہاں تمام اپ ڈیٹس اور شیڈولز وقتاً فوقتاً فراہم کیے جائیں گے۔