ملک پر مجموعی قرضوں کا بوجھ 76 ہزار ارب روپے سے متجاوز
ملک پر مجموعی قرضوں کا بوجھ 76 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) ملک پر مجموعی قرضوں کا بوجھ 76 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گیا۔

سٹیٹ بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق ملک پر مقامی قرضوں کا حجم 53ہزار 460 ارب روپے پر پہنچ گیا، مقامی کرنسی میں غیر ملکی قرض 22ہزار 585ارب روپے پر آگیا۔

مرکزی بینک نے مئی 2025 میں قرضوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔

رپورٹ کے مطابق ایک سال میں قرضوں کے بوجھ میں 8ہزار312ارب روپے کا اضافہ ہوا، مئی 2024 میں قرضوں کی مالیت 67ہزار 733 ارب روپے تھی، ایک سال میں مقامی قرض 7 ہزار 335 ارب روپے بڑھ گیا۔

مرکزی بینک کی جانب سے بتایا گیا کہ مئی 2024میں مقامی قرض 46 ہزار 125 ارب روپے تھا ، مقامی قرض میں سب سے بڑا شیئر 35ہزار236ارب روپے کے سرمایہ کاری بانڈزکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک سال میں غیر ملکی قرض میں 1250 ارب روپے کا اضافہ ہوا، مئی 2024میں غیر ملکی قرض 21ہزار608ارب روپے تھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جون 2024 سے مئی 2025 تک مجموعی قرض میں 7 ہزار 131 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جون2024 میں قرضوں کا حجم 68ہزار 914 ارب روپے تھا، گیارہ ماہ میں مقامی قرض میں 6300ارب روپے کا اضافہ ہوا، جون 2024 میں مقامی قرض 47 ہزار 160 ارب روپے تھا۔

مرکزی بینک کی رپورٹ کے مطابق گیارہ ماہ میں غیر ملکی قرض میں 831 ارب روپے اضافہ ہوا، جون 2024 میں غیر ملکی قرض 21 ہزار 754 ارب روپے تھا، ایک ماہ میں مجموعی قرض 1109 ارب روپے بڑھ گیا، اپریل 2025 میں قرضوں کا حجم 74ہزار 936 ارب روپے تھا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ایک ماہ میں حکومت نے937ارب روپے کا مقامی قرض لیا، ایک ماہ میں غیر ملکی قرض میں 172ارب روپے کا اضافہ ہوا۔