جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مفتی حبیب اللہ حقانی قتل
JUI leader Mufti Habibullah killed
فائل فوٹو
دیر بالا: (نمائندہ خصوصی) جمعیت علمائے اسلام (ف) تحصیل براول کے سابق امیر اور ممتاز مذہبی شخصیت مفتی حبیب اللہ حقانی مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہو گئے۔

افسوسناک واقعہ براول کے علاقے بین درہ میں پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے ان کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی۔

فائرنگ کے نتیجے میں مفتی حبیب اللہ موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ ان کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئیں، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا چھا گئی ہے جبکہ فضا سوگوار ہو گئی ہے۔

جمعیت علمائے اسلام نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

ضلعی امیر مفتی احسان اللہ نے ضلع بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفتی حبیب اللہ کی شہادت ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:معروف عالم دین مولانا سید محمود میاں انتقال کر گئے

فیملی ذرائع کے مطابق ان کی نماز جنازہ آج 2 بجے ادا کی جائے گی، جس میں بڑی تعداد میں عوام، علما اور کارکنان کی شرکت متوقع ہے۔

اس افسوسناک واقعے پر مذہبی و سیاسی حلقوں نے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری کارروائی اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش کیلئے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔