معروف عالم دین مولانا سید محمود میاں انتقال کر گئے
Maulana Sayyed Mahmood Mian
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) جمعیت علماء اسلام پنجاب کے امیر، ممتاز عالم دین اور جامعہ مدنیہ جدید رائیونڈ روڈ لاہور کے مہتمم مولانا سید محمود میاں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

ان کے انتقال پر علمی، دینی اور سیاسی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

مولانا سید محمود میاں نہ صرف ایک جید عالم تھے بلکہ ایک علمی و دینی خاندان کے چشم و چراغ بھی تھے۔ ان کے والد مولانا سید حامد میاں، جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر رہ چکے ہیں، جبکہ ان کے دادا مولانا سید محمد میاں جمعیت علماء ہند کے مرکزی ناظم کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کے دادا کا تعلق مدرسہ شاہی مراد آباد (انڈیا) سے تھا، جہاں وہ مولانا مفتی محمودؒ کے استاد بھی رہے۔

مولانا سید محمود میاں نے اپنی زندگی دین کی خدمت، طلبہ کی تربیت اور علمی سلسلے کو فروغ دینے میں وقف کیے رکھی۔ وہ جامعہ مدنیہ جدید کے مہتمم کی حیثیت سے ایک طویل عرصے سے دینی خدمات انجام دے رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:باجوڑ دھماکہ میں اسسٹنٹ کمشنر سمیت 4 افراد شہید، 11 زخمی

مرحوم کی نماز جنازہ آج بروز جمعرات 3 جولائی کو صبح 10 بجے جامعہ مدنیہ جدید رائیونڈ روڈ لاہور میں ادا کی جائے گی، جہاں علما، طلبہ، سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔