باجوڑ دھماکہ میں اسسٹنٹ کمشنر سمیت 4 افراد شہید، 11 زخمی
Bajaur Blast
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں دہشتگردی کا ایک اور المناک واقعہ، صادق آباد پھاٹک میلہ گراؤنڈ کے قریب زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر سمیت 4 افراد شہید اور 11 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق دھماکہ تحصیل خار کے علاقے صادق آباد میں پیش آیا، جہاں میلہ گراؤنڈ کے قریب ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی، جبکہ اردگرد موجود افراد بھی اس کی زد میں آ گئے۔

ریسکیو ذرائع کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ شہداء میں اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی، تحصیلدار وکیل خان اور دو پولیس اہلکار شامل ہیں۔ دھماکے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور شہداء کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:برازیل میں طیارہ گر کر تباہ، پائلٹس جان کی بازی ہار گئے

دوسری جانب پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی موقع پر پہنچ چکا ہے۔ ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت کے بارے میں حتمی رائے نہیں دی گئی، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ تھا۔

دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ شہریوں نے سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں، ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔