اپوزیشن کے 26 ارکان کو ڈی سیٹ کرنیکی کارروائی شروع
پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے معاملے پر معطل کیے گئے اپوزیشن کے 26 اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کی قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے معاملے پر معطل کیے گئے اپوزیشن کے 26 اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کی قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق سپیکر آفس نے اس معاملے پر محکمہ قانون پنجاب سے مشاورت کا آغاز کردیا ہے، اپوزیشن کے معطل کیے گئے اراکین کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کے لیے آئینی و قانونی نکات پر غور کیا جارہا ہے جبکہ سپیکر آفس کی جانب سے اعلیٰ عدالتی فیصلوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اراکین اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کی کارروائی میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کے اس فیصلے کا حوالہ بھی لیا جا رہا ہے جو انہوں نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کے خلاف دیا تھا اور جو پارٹی لائن کی خلاف ورزی کے تناظر میں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: احتجاج کیس، پی ٹی آئی کے 21 کارکنوں کی ضمانتیں منظور

ذرائع کا بتانا ہے کہ اس وقت سپیکر آفس کی جانب سے عدالت کے اس فیصلے کو بطور مثال استعمال کرتے ہوئے ممکنہ طور پر اپوزیشن کے 26 اراکین کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کے لیے کارروائی کی راہ ہموار کی جارہی ہے۔

سپیکر آفس اپوزیشن کے معطل شدہ اراکین جو حالیہ اجلاس کے دوران شدید ہنگامہ آرائی، غیر پارلیمانی طرز عمل اور ایوان کے تقدس کی پامالی کے مرتکب پائے گئے کی رکنیت منسوخ کرنے کے لیے آئینی اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے رہا ہے۔