آلود گی کنٹرول پلان: گاڑی مالکان کے لیے اہم خبر
vehicle emissions
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) نے لاہور میں بڑھتی ہوئی آلودگی پر قابو پانے کے لیے اس ہفتے سے شروع ہونے والی گاڑیوں کی جانچ مہم میں بھاری گاڑیوں کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ مہم مئی 2025 میں شروع ہوئی تھی اور ابتدائی طور پر موٹر سائیکلوں اور کاروں کے لیے مخصوص تھی۔ اب تک 1,58,000 گاڑیوں کا اخراج ٹیسٹ کیا جا چکا ہے، جن میں سے صرف 4,100 گاڑیاں مقررہ معیار پر پوری نہیں اتریں۔ EPA نے اب اس مہم کی آخری تاریخ 31 اگست تک بڑھا دی ہے، جس کے بعد یہ ٹیسٹ فیس کے ساتھ کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ٹیسٹنگ بوتھ کی تعداد 26 سے کم کر کے 20 کر دی گئی ہے۔ ہر بوتھ پر تین رکنی ٹیم تعینات کی گئی ہے اور تین جانچ کے آلات موجود ہیں۔ یہ کمی ان بوتھز کو بند کرنے کے بعد کی گئی ہے جو جگہ یا دیگر عملی مسائل کی وجہ سے ناقابل استعمال ثابت ہوئے تھے، جس سے عوام اور EPA کے عملے کو دشواری کا سامنا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان

حکام کے مطابق یہ اقدام لاہور کی بگڑتی ہوئی فضائی کوالٹی کے تدارک کے لیے اٹھایا گیا ہے، جس کی بڑی وجہ ماہرین کے مطابق گاڑیوں کا دھواں ہے۔ رپورٹس کے مطابق لاہور میں موسمِ سرما کی 83 فیصد سموگ گاڑیوں کے اخراج سے پیدا ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ مہم کے اگلے مرحلے میں EPA کی ٹیمیں اُن بھاری گاڑیوں کا معائنہ کریں گی جن کے پاس درست ویہیکل انسپیکشن اینڈ سرٹیفیکیشن سسٹم (VICS) کا سرٹیفیکیٹ نہیں ہو گا۔ ایسی گاڑیوں کو مطلوبہ دستاویز حاصل کرنے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی جائے گی۔

مزید یہ کہ EPA اخراج کی جانچ کے اوقات بڑھانے اور صوبے بھر میں طویل المدتی حکمتِ عملی تیار کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔