پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان
حکومت نے رات گئے آج (یکم جولائی) سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا اعلان کر دیا
وزارت خزانہ نے رات گئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) حکومت نے رات گئے آج (یکم جولائی) سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا اعلان کر دیا۔

پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کے حوالے سے حکومت کی جانب سے جاری کرد نوٹیفکیشن کے مطابق یکم جولائی سے پٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے کا اضافہ کیا گیا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لٹر کا اضافے کا اعلان کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یکم جولائی سے پیٹرول کی قیمت 266 روپے 79 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں میں 2.50 روپے کاربن لیوی عائد کردی گئی ہے۔ پٹرول پر پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل ) کم کر کے 75 روپے 52 پیسے فی لٹر کردی گئی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل پر لیوی 74 روپے 51 پیسے مقرر کردی گئی۔ وزارت خزانہ نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: نئے مالی سال کی ٹیکس وصولیوں کا کل سے آغاز

دوسری جانب صدر مملکت نے فنانس بل 2025-26 پر دستخط کر دئیے جس کے بعد وفاقی بجٹ پر عملدرآمد شروع ہوگیا، فنانس بل صدر کے دستخط کے بعد ایکٹ بن گیا۔ نئے فنانس بل میں389 ارب روپے کے انفورسمنٹ اقدامات اور 312 ارب روپے کے نئے ٹیکسز لگ گئے۔ حکومت کو پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی شرح 90 روپے تک بڑھانے کی اجازت ہو گی۔

فنانس بل 2025 کے مطابق انڈسٹری سے ایک دن کے چوزہ پر 10 روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد ہوگی، ٹریژری بلز میں سرمایہ کاری پر انکم ٹیکس 15 سے بڑھا کر 20 فیصد ہو جائے گا، میوچل فنڈ کے ذریعے سرمایہ کاری پر عائد 25 فیصد ٹیکس بڑھ کر 29 فیصد عائد ہو جائے گا۔

آج سے سولر پینل کی فروخت پر 10 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہو جائے گا، ایف بی آر کو کاروبار کیلئے رجسٹرڈ شناختی کارڈ نمبر کی ٹرانزیکشنز چیک کرنے کا اختیار ہوگا، ریٹرن سے زیادہ کاروباری ٹرانزیکشنز پر کمرشل بینک ایف بی آر کو ڈیٹا دینے کے پابند ہونگے، نئے فنانس بل میں ٹی بلز اور پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں سرمایہ کاری پر ٹیکس عائد ہوگا۔

6 ماہ سے قبل ٹی بلز اور پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز سے سرمایہ کاری نکالی تو انکم ٹیکس عائد ہو گا، ٹی بلز اور پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں سرمایہ کاری پر ٹیکس چھوٹ لینے کیلئے 6 ماہ کا وقت مقررکر دیا گیا، ای کامرس کیلئے کوریئر سروسز کے ایجنٹ کو ودہولڈنگ ایجنٹ بنانے پر عملدرآمد کا آغاز ہو گا۔ ای کامرس کیلئے کوریئر سروسز فراہم کرنے والے ماہانہ رپورٹ کرنے کے پابند ہونگے، کوریئرسروس کیلئے جتنے بھی وینڈر پلیٹ فارم کو استعمال کریں گے ان کی رپورٹنگ کرنا ہو گی۔

         
ضرور پڑھیں