
پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے ان خبروں کو محض قیاس آرائیاں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں کوئی صداقت نہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں مختلف ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر یہ خبریں زور پکڑ رہی تھیں کہ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت میں شامل ہونے جا رہی ہے، اور کچھ وزارتوں پر مشاورت بھی جاری ہے۔ ان خبروں نے سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع کر دی تھیں اور کئی مبصرین نے اسے ممکنہ سیاسی جوڑ توڑ سے تعبیر کیا۔
ان افواہوں پر رہنما پاکستان پیلز پارٹی (پی پی پی) نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا اور نہ ہی ایسی کوئی پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی باتیں پہلے بھی ہوتی رہی لیکن ہر بار بے بنیاد ثابت ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:شاہد خاقان عباسی ن لیگ میں واپس آنے کو تیار؟
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) پارلیمانی سیاست میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے اور عوامی مفاد میں اپنا مؤقف برقرار رکھے ہوئے ہے، اگر کوئی فیصلہ ہوگا تو پارٹی قیادت خود اس کا اعلان کرے گی۔
دوسری جانب سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کا اس وقت حکومت میں شامل ہونا سیاسی طور پر حساس معاملہ ہے، جس پر پارٹی قیادت کسی دباؤ میں آکر نہیں بلکہ طویل غور و فکر کے بعد ہی کوئی قدم اٹھائے گی۔