شاہد خاقان عباسی ن لیگ میں واپس آنے کو تیار؟
Shahid Khaqan Abbasi
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اگر ووٹ کو عزت دو والے اپنے بیانیے پر ڈٹ جائے تو ساتھ چلنے کو تیار ہوں۔

تفصیلات کے مطابق نجی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میرا اختلاف کسی عہدے یا شخصیت پر نہیں ،مسلم لیگ ن ووٹ کو عزت دو کے بیانیے پر قائم تھی اور اگر وہ اپنے بیانیے پر دوبارہ سے قائم ہو جائے تو پارٹی کے ساتھ چلنے کو تیار ہوں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیے۔

سابق وزیر اعظم  کا چوہدری نثار سے اختلافات کو مسترد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرا ان سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں رہا تاہم، اختلافات سیاسی جماعتوں میں ہوتے رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کی چودھری نثار سے ملاقات، ن لیگ میں واپسی کی دعوت

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے پاس دوتہائی اکثریت ہے ، اسمبلی کی مدت تاحیات کر سکتے ہیں، پاکستان میں آئین ہے اور ہم نے اس کے مطابق ہی چلنا ہے اور اگر نظام درست نہیں ہے تو ہمیں اس کو تبدیل کرنا چاہیے جبکہ ہائبرڈ نظام اگر آئین کے مطابق نہیں تو آئین کوبدل دیں۔

26  ویں ترمیم کو آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 26 ویں ترمیم نے آئین کی روح کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے پاس اسٹریٹ پاور ہے جو حکومت کو مفلوج کرسکتی ہے اس لیے مولانا فضل الرحمان کی بات سنجیدہ لینے کی ضرورت ہے۔