وزیراعظم کی چودھری نثار سے ملاقات، ن لیگ میں واپسی کی دعوت
ملک کے سیاسی منظر نامے میں ایک بار پھر سے ہلچل دکھائی دے رہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف اچانک دیرینہ ساتھی چودھری نثار کے گھر پہنچ گئے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) ملک کے سیاسی منظر نامے میں ایک بار پھر سے ہلچل دکھائی دے رہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف اچانک دیرینہ ساتھی چودھری نثار کے گھر پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سابق لیگی رہنما چودھری نثار سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی، ملاقات میں ملکی سیاسی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے چودھری نثار سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ چودھری صاحب آپ تو ہمیں بھول ہی گئے جس پر چودھری نثار نے جواب دیا کہ نہیں نہیں میاں صاحب ، بس طبیعت ٹھیک نہیں رہتی۔

لیگی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چودھری نثار کو مسلم لیگ ن میں واپسی کی دعوت دے دی جس پر انہوں نے جواب دیا کہ صحتیابی اور رفقاء سے مشاورت کے بعد اس حوالے سے فیصلہ کروں گا۔

قبل ازیں ذرائع کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف ناراض لیگی رہنما چودھری نثار کو منانے کی کوشش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش

واضح رہے سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا شمار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماؤں میں ہوتا تھا، چودھری نثار علی خان 34 سال سے زائد عرصے تک مسلم لیگ ن سے وابستہ رہے تاہم 2018 میں انہوں نے جماعت سے راہیں جدا کر لی تھیں۔

اس وقت چودھری نثار علی خان نے کہا تھا کہ انہوں نے پارٹی سے علیحدگی کا فیصلہ اپنے ضمیر کے مطابق کیا، میں طویل عرصہ تک مسلم لیگ (ن) کا حصہ رہا، میں نے ہمیشہ اقتدار کو نہیں، عزت کی سیاست کو ترجیح دی۔