وزیراعظم شہباز شریف کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش
PM Shehbaz negotiation offer to PTI
PM Shehbaz negotiation offer to PTI
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو سیاسی معاملات پر مذاکرات کی دعوت دے دی۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وزیراعظم نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان سے مصافحہ کیا اور ان سے کہا کہ بیٹھ کر بات کرتے ہیں، مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا یہ مکالمہ مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے سے قبل ہوا۔ وزیراعظم اپنی نشست سے اٹھ کر بیرسٹر گوہر کے پاس گئے، مصافحہ کیا اور بات چیت کی پیشکش کی، جس پر بیرسٹر گوہر نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا، "ان شاء اللہ"۔

اس موقع پر ایوان میں موجود دیگر اراکین بھی اس مکالمے کے گواہ بنے، جسے سیاسی ماحول میں نرمی کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کی تقریر کے دوران شور، پی ٹی آئی کے 26 ارکان کی رکنیت معطل

 

 

ذہن نشین رہے کہ وزیراعظم کے قریبی مشیر رانا ثناء اللہ پہلے ہی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں۔

دوسری جانب سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ پیشرفت ملک میں جاری سیاسی تناؤ کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اس پیشکش کا عملی طور پر جواب دیتی ہے یا نہیں۔