این ڈی ایم اے نے سیلاب بارے ایڈوائزری جاری کر دی
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سیلاب بارے ایڈوائزری جاری کر دی
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سیلاب بارے ایڈوائزری جاری کی/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سیلاب بارے ایڈوائزری جاری کر دی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے سسٹم پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا۔ جب کہ یہ سسٹم مغربی ہواؤں کے ساتھ مل کر گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا سبب بنے گا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ شام یا رات کو آندھی اور گرج چمک کیساتھ شدید بارش متوقع ہے، مقامی ندی نالوں میں اچانک پانی بڑھنے سے سیلاب کا خطرہ ہے، پہاڑی سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک کی بندش، سیلاب زدہ علاقوں میں املاک کو نقصان کا خطرہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، کوہاٹ، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، پشاور، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور اور گردونواح میں بارش، گرج چمک اور آندھی کی پیش گوئی کی ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا تھا کہ گرج چمک اور آندھی سے کمزور درخت اکھڑ سکتے ہیں اور بجلی کی عارضی بندش ہو سکتی ہے، گردوغبار اور تیز ہوائیں کمزور عمارات، گاڑیوں، چھتوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔