محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی
محکمہ موسمیات نے خوشخبری دیتے ہوئے آج سے 23 جون تک مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی
محکمہ موسمیات نے آج سے 23 جون تک مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) ملک بھر میں جاری شدید گرمی کی لہر کے بعد محکمہ موسمیات نے خوشخبری دیتے ہوئے آج سے 23 جون تک مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب کے مختلف شہروں، مشرقی بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ یہ سلسلہ آج سے شروع ہو کر 23 جون تک جاری رہے گا، جس کے دوران مختلف اوقات میں وقفے وقفے سے بارشیں ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: سورج کا راج یا بادلوں کی رم جھم؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

مزید برآں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور سندھ کے کچھ علاقوں، بالخصوص کراچی، حیدرآباد اور میرپور خاص میں بھی 22 سے 23 جون کے دوران بارشیں متوقع ہیں۔ ان علاقوں میں بارشوں کی شدت نسبتاً زیادہ ہو سکتی ہے، جس سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ، یعنی شہری سیلاب، کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اس کے علاوہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا اندیشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے سفر کرنے والوں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری مکمل رکھیں۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں بارشوں کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں یا پانی جمع ہونے کا خدشہ ہو۔

محکمہ موسمیات نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ بارشیں اگرچہ گرمی کی شدت کو کم کریں گی، لیکن ان کے ممکنہ منفی اثرات سے بچنے کے لیے عوام کو احتیاط برتنے کی اشد ضرورت ہے۔