
کشمیر اور گلگت بلتستان کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جو وہاں کے موسم کو خوشگوار بنا سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں سورج آگ برسا رہا ہے اور گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
گزشتہ روز ملک کے کئی شہروں میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھا، جیکب آباد اور دادو میں پارہ 47 ڈگری تک پہنچا، نواب شاہ اور سبی میں 46، حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ پشاور اور ڈیرہ غازی خان میں 42، اسلام آباد میں 41، کوئٹہ میں 40 اور کراچی میں 35 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
دوسری جانب لاہور میں بادل چھائے ہوئے ہیں لیکن ہواؤں کے تھم جانے کی وجہ سے گرمی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ آج شہر میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بارش کا فی الحال کوئی امکان نہیں، تاہم سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔
فضائی آلودگی کے لحاظ سے لاہور کی صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے، شہر کی مجموعی آلودگی کی شرح 167 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔
کراچی میں گرمی کی شدت میں معمولی کمی کا امکان ہے۔ شہر میں مطلع ابر آلود اور مرطوب ہے، وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ 35 اور کم سے کم 29 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ مغربی سمت سے 27 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔