حکومت کا مفت موبائل فون دینے کا اعلان
free smartphones
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر کی خواتین سم مالکان کو ڈیجیٹل میدان میں مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک اہم اقدام کا اعلان کیا ہے۔

 اس اعلان کے تحت مستحق خواتین کو مفت اسمارٹ فونز فراہم کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق یہ اعلان اُس موقع پر کیا گیا جب پاکستان میں موبائل فون صارفین کی تعداد 20 کروڑ سے تجاوز کر گئی۔ پی ٹی اے نے اس تاریخی کامیابی کی خوشی میں مقامی موبائل فون ساز اداروں کے تعاون سے 2 ہزار سمارٹ فونز تیار کیے ہیں جو کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے مستحق خواتین میں تقسیم کیے جائیں گے۔ اس قرعہ اندازی میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور پاکستان کے تمام صوبوں کی خواتین شامل ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں:بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ، گھر بیٹھے ادائیگی کی تصدیق کریں

ترجمان پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ ادارے کا مقصد خواتین کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ تعلیمی، معاشی اور سماجی میدانوں میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ اس ضمن میں اعلان کیا گیا ہے کہ ملک بھر کی منتخب خواتین یونیورسٹیوں میں 6 ماہ کے لیے مفت وائی فائی ہاٹ اسپاٹس بھی نصب کیے جائیں گے تاکہ طالبات تعلیمی وسائل سے بہتر طور پر استفادہ کر سکیں۔

واضح رہے 20 جون کو پی ٹی اے کی جانب سے تمام موبائل صارفین کے لیے 2 جی بی مفت ڈیٹا اور 200 آن نیٹ منٹس بھی جاری کیے گئے تھے۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام نہ صرف ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو تقویت دے گا بلکہ خواتین کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔