بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ، گھر بیٹھے ادائیگی کی تصدیق کریں
BISP 8171
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) حکومتِ پاکستان کی جانب سے 13,500 روپے کی مالی امداد کی شفاف اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تقسیم کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت بی آئی ایس پی سے مستحق خواتین کو رقم فراہم کی جا رہی ہے۔

 اس مقصد کے لیے عوام کی آسانی کے لیے حکو مت کی جانب سے ویب پورٹل متعارف کروایا گیا ہے، جو گھر بیٹھے ادائیگی کی تصدیق، اہلیت کی جانچ اور دیگر مسائل کے حل میں مدد فراہم کرتا ہے۔

8171.bisp.gov.pk   پر دستیاب یہ ویب پورٹل مکمل طور پر موبائل دوست ہے تاکہ دیہی علاقوں میں رہنے والے افراد بھی آسانی سے اسے استعمال کر سکیں۔ درخواست دہندہ صرف شناختی کارڈ نمبر درج کر کے یہ معلوم کر سکتا ہے کہ وہ اہل ہے یا نہیں، اس کی ادائیگی کا عمل مکمل ہو چکا ہے یا مزید کارروائی درکار ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت کا 49 لاکھ سے زائد سمز بند کرنے کا فیصلہ

حکام کے مطابق اس منصوبے سے صرف وہی خواتین مستفید ہو سکتی ہیں جو بی آئی ایس پی کے مقرر کردہ معیارات پر پورا اترتی ہوں۔ ان میں خاتون کا سربراہِ خانہ ہونا، کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کا حامل ہونا، 34 یا اس سے کم پی ایم ٹی سکور، کسی بھی سرکاری ملازمت سے وابستہ نہ ہونا، قیمتی جائیداد یا لگژری گاڑیاں نہ رکھنا، اور بایومیٹرک تصدیق کا مکمل ہونا شامل ہیں۔ اگر درخواست دہندہ ان شرائط پر پورا نہیں اترتی، تو سسٹم خود بخود اسے نااہل قرار دے دیتا ہے۔

یاد رہے کہ ادائیگی کی تصدیق کے لیے شناختی کارڈ کی معلومات پورٹل پر درج کرنے کے بعد، اگر تصدیق مکمل ہو چکی ہو تو درخواست دہندہ کو رقم کی تفصیل دکھائی جاتی ہے، اور ادائیگی قریبی بی آئی ایس پی کیمپ سے کی جاتی ہے۔ اگر بایومیٹرک تصدیق میں مسئلہ ہو یا NSER ڈیٹا پرانا ہو، تو متعلقہ شخص کو قریبی بی آئی ایس پی تحصیل دفتر سے رجوع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ سہولت 30 جون 2025 تک دستیاب ہے، اور تمام اہل افراد سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے پہلے اپنی معلومات کی تصدیق کر کے مالی امداد وصول کریں۔ حکام نے زور دیا ہے کہ یہ بروقت امداد ملک کے غریب اور کمزور طبقات کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہے۔ اس کا مقصد باوقار اور شفاف طریقے سے مدد فراہم کرنا ہے۔