پنجاب میں الیکٹرک بسوں کیلئے چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کا فیصلہ
electric buses Punjab
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کی جانب ایک بڑا قدم اٹھا لیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں 2000 چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ الیکٹرک بسوں کا منصوبہ کامیابی سے آگے بڑھ سکے۔ ابتدائی مرحلے میں 600 الیکٹرک بسیں مختلف شہروں میں چلانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس ہوا۔

اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو چارجنگ اسٹیشنز اور بس ڈپو کیلئے موزوں مقامات کی نشاندہی کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں مدد دے گا بلکہ شہریوں کو عالمی معیار کی جدید اور آرام دہ سفری سہولیات بھی فراہم کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:خانیوال: ٹرین حادثے میں 27 مسافر زخمی

ماہرین کے مطابق الیکٹرک بسوں کے اس منصوبے سے صوبے میں ایندھن کی بچت کے ساتھ ساتھ شہروں کی فضا کو صاف رکھنے میں مدد ملے گی۔ حکومت کی جانب سے اس منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ جلد از جلد عوام کو جدید سفری سہولیات میسر آ سکیں۔

ماہرین کی جانب سے توقع کی جا رہی ہے کہ اس منصوبے سے مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ عوامی حلقوں نے اس حکومتی اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس سے شہروں میں ٹرانسپورٹ کے مسائل میں کمی آئے گی۔