خانیوال: ٹرین حادثے میں 27 مسافر زخمی
Khanewal railway station
فائل فوٹو
خانیوال: (ویب ڈیسک) خانیوال ریلوے اسٹیشن پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں 27 مسافر شدید زخمی ہو گئے۔

ریلوے حکام کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ٹرین کی کھڑکیوں سے ہاتھ باہر نکالے مسافروں کے بازو سگنل پول کی سیڑھی سے ٹکرا گئے۔

تفصیلات کے مطابق عوامی ایکسپریس اپ، عوامی ایکسپریس ڈاؤن اور موسیٰ پاک ایکسپریس کے مسافر اس حادثے کا شکار ہوئے۔ زخمیوں میں خواتین، بزرگ اور نوجوان شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ نامعلوم افراد نے سگنل پول کی سیڑھی کو ریلوے ٹریک پر دھکیل دیا تھا۔ جس کے باعث چلتی ٹرین کے مسافروں کے ہاتھ اس سے ٹکرا گئے اور وہ زخمی ہو گئے۔ حادثے کے فوراً بعد ریلوے عملہ اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:عام شہری کی گاڑی کا ٹائر تبدیل، عمر ایوب کی ویڈیو وائرل

ریلوے ذرائع کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ملوث افراد کی تلاش کیلئے پولیس اور ریلوے سیکیورٹی فورسز مشترکہ کارروائی کر رہی ہیں۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کے حساس مقامات پر غیر ذمہ دارانہ حرکتوں سے گریز کریں تاکہ قیمتی جانیں محفوظ رہ سکیں۔

ریلوے انتظامیہ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ غفلت کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا