ٹیوشن کے بہانے خواتین گھر کا صفایا کر گئیں
house robbery
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ستوکتلہ کے علاقے میں دو نقاب پوش خواتین نے چالاکی سے ایک گھر میں داخل ہو کر واردات کر ڈالی۔

خواتین نے بچوں کو ٹیوشن پڑھانے کے بہانے نوید گل نامی شہری کے گھر کےداخلے کی اجازت طلب کی اور اجازت ملنے پر گھر داخل ہوئیں۔

پولیس کے مطابق، خواتین گھر میں داخل ہونے کے بعد اہلِ خانہ کو بے ہوش کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔ بعد ازاں وہ گھر سے 30 ہزار روپے نقدی اور 7 تولے سونے کے زیورات چرا کر فرار ہو گئیں۔ واردات کے فوراً بعد متاثرہ شہری نے تھانے میں مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست جمع کروا دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسلحہ وشراب برآمدگی کیس، علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری معطل

واضح رہے کہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جس میں دونوں خواتین کو گھر میں داخل ہوتے اور کچھ دیربعد جلدی سے نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق، فوٹیج کی مدد سے خواتین کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ایسے افراد پر بھروسا کرنے سے قبل مکمل تصدیق کریں۔ متاثرہ خاندان شدید غصے و صدمے کی حالت میں ہے، جبکہ پولیس جلد ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کر رہی ہے۔