
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کیس پر سماعت کی جبکہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
سماعت شروع ہوئی تو وکیل صفائی راجا ظہور الحسن نےعدالت کو بتایا کہ پشاور ہائیکورٹ نے 3 جولائی تک علی امین گنڈاپور کی ضمانت منظور کر رکھی ہے، استدعا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے عدالت پیش ہونے پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کئے جائیں۔
عدالت نے وکیل صفائی سے استفسار کیا کہ 342 کے سوال نامہ کے جواب جمع کرا دیں، کب تک جواب جمع کرائیں گے؟ جس پر علی امین گنڈاپور نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ خیبر پختونخوا کے بجٹ کے بعد جواب عدالت میں جمع کرا دیں گے۔
بعد ازاں علی امین گنڈاپور کی یقین دہانی پر عدالت نے اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے اور کیس کی مزید سماعت 2 جولائی تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کےد وران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بہارہ کہو پولیس نے اسلحہ اور شراب برآمدگی کا کیس درج کیا تھا۔